ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر حملہ افسوس ناک: محبوبہ مفتی

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر حملہ افسوس ناک: محبوبہ مفتی

Thu, 11 Mar 2021 23:52:03    S.O. News Service

سری نگر،11؍مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پر انتخابی تشہیر کے دوران ہونے والے مبینہ حملے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے یہ بات روشن ہوجاتی ہے کہ ملک پر کس حد تک نفرت کا غلبہ ہے۔ انہوں نے ممتا بنرجی کی جلد صحتیابی اور ان کی انتخابی مہم کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے یہ باتیں اپنے ایک ٹوئٹ میں کہیں۔

ان کا ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ’ممتا بنر جی پر انتخابی ریلی کے دوران حملہ ہونے پر سخت افسوس ہوا۔ اس سے یہ بات روشن ہوجاتی ہے کہ ملک پر کس حد تک نفرت کا غلبہ ہے۔ میں ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں اور ان کی انتخابی مہم کے لئے میری نیک خواہشات ہیں‘۔

دریں اثنا نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے بھی ممتا بنرجی پر مبینہ حملے کی پر زور مذمت کی ہے۔ عمر عبداللہ نے جمعرات کے روز اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’ہم (میں اور میرے والد) انتخابی مہم کے دوران ممتا بنرجی پر ہوئے حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ انتخابی مہموں کے دوران ہونے والی گرما گرمی جسمانی تشدد پر مبنی نہیں ہونی چاہیے۔ امید ہے کہ الیکشن کمیشن اس مسئلے کی تہہ تک پہنچے گا‘۔

قابل ذکر ہے کہ ممتا بنرجی بدھ کے روز نندی گرام میں انتخابی تشہیر کے دوران زخمی ہوئی تھیں۔ ان کی پارٹی ترنامول کانگریس کا الزام ہے کہ ان پر حملہ کیا گیا ہے۔ ممتا بنرجی کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق ان کے پیر، کاندھوں اور گردن میں چوٹ آئی ہے۔


Share: